محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ کئی میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں جن میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ملتان، کوٹ ادو، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں، وہاں دھند پڑنے کا امکان ہے جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
سندھ کے علاقوں سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، بینظیرآباد، موہنجوداڑو اور اطراف میں بھی دھند کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم وادی نیلم میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں دو فٹ سے زائد برفباری ہو چکی ہے جبکہ مظفرآباد کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 8، گوپس میں منفی 4، کالام اور کوئٹہ میں منفی 3، قلات میں منفی 2 جبکہ مالم جبہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت برقرار ہے، شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد جبکہ شمال مغربی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ آج صبح کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اور قلات میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں درجہ حرارت منفی 5، ژوب میں 3، سبی میں 7 اور تربت میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ نوکنڈی میں پارہ ایک جبکہ چمن میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave feedback about this