خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ضلع کرم کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری شروع ہو چکی ہے۔
کوہِ سفید اور ملحقہ بالائی علاقوں پر بھی برف کے گالے گرنے لگے ہیں جبکہ میدانی اور شہری علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث پاراچنار اور گردونواح میں موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔
دوسر ی جانب محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور ابر آلود موسم متوقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں کا سفر احتیاط سے کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

Leave feedback about this