گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بین الاقوامی برادری سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر فوری نوٹس کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک خاتون کا نقاب زبردستی کھینچے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو انسانی حقوق، شخصی آزادی اور اظہار رائے پر کھلا حملہ قرار دیا۔
اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتا ہے، جہاں خواتین کے وقار، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک وزیر اعلیٰ کا یہ رویہ محض ذاتی عمل نہیں بلکہ بھارت کی ریاستی پالیسی اور سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
گورنر کے مطابق، نقاب کسی بھی خاتون کا ذاتی اور مذہبی حق ہے، جسے زبردستی چھیننا بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں اور جمہوری اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلاتا ہے، مگر عملی طور پر وہاں اقلیتوں اور خواتین کی آزادیوں کو مسلسل دبایا جا رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خاموشی توڑیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر انسانی وقار، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی آواز بلند کرتا رہے گا اور ایسے واقعات کی ہمیشہ مذمت کرتا رہے گا۔
گورنر کا یہ بیان نہ صرف بھارت میں خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کی پامالی کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

Leave feedback about this