پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کھیت کو پانی لگانے کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ پولیس نے واقعے میں ملوث 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ بڈھ بیر میں ایک نجی ہوٹل کے قریب واقع زرعی اراضی میں پیش آیا، جہاں کھیتوں کو پانی لگانے کے معاملے پر دو فریقوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ تنازع شدت اختیار کرنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولین اور ملزمان کے درمیان اراضی اور آبپاشی کے معاملے پر پہلے سے تنازع چلا آ رہا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ 4 ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Leave feedback about this