محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اپریل سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے زیر اثر 16 سے 19 اپریل کے دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں اس دوران بارشوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں 17 اور 18 اپریل کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب میں 16 سے 18 اپریل کے دوران موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
ادھر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 16 سے 19 اپریل کے دوران ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ کمزور ڈھانچوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا بھی خطرہ ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave feedback about this