نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 17 سے 25 مارچ کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک، تیز ہوا اور بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ صوبائی اور ضلعی اداروں کو موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور ان کے گرد و نواح میں بھی موسمی تبدیلیوں کے اثرات محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک اور بارش متوقع ہے، اور ان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی موجود ہے۔ بلوچستان کے مختلف حصوں میں 17 تا 23 مارچ تک آندھی، تیز ہوائیں اور بارش کی توقع ہے۔
سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ موسم کی شدت کے پیش نظر محتاط رہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

Leave feedback about this