دبئی:بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھارتی کرکٹرز کے ساتھ فیملیز رکھنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے ساتھ فیملیز رکھنے سے متعلق بھارتی بورڈ سے رابطہ کیا، تاہم بی سی سی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ اسکواڈ کے اراکین ایونٹ کے دوران اپنی فیملیز ساتھ نہیں رکھ سکتے۔
بھارتی بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا کہ کھلاڑی اگر چاہیں تو اپنی فیملیز کے لیے الگ انتظامات کر سکتے ہیں، تاہم ٹیم ہوٹل یا سرکاری قیام کے دوران فیملیز کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی اسکواڈ کو 45 روز سے زائد کے اوے ٹور کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 14 روز تک فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے، تاہم موجودہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اس پالیسی کا اطلاق نہیں کیا گیا۔
بھارتی ٹیم گروپ مرحلے کے تین میچز اپنے ہی ملک میں کھیلے گی، جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل باہمی سیریز کے دوران بھی بھارتی کھلاڑیوں کو فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے 2025 میں دورۂ آسٹریلیا کے بعد فیملیز سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کی تھیں۔

Leave feedback about this