سعودی عرب میں ادارہ امورِ حرمین نے ماہِ رمضان کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں افطار کے انتظامات کے لیے لائسنس یافتہ کیٹرنگ سروسز سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ضمن میں ادارے کی جانب سے باقاعدہ شرائط و ضوابط مقرر کر دیے گئے ہیں۔ادارہ امورِ حرمین کے مطابق وہ کمپنیاں جو مؤثر لائسنس رکھتی ہیں اور جن کے خلاف کسی قسم کی صحت سے متعلق خلاف ورزی ریکارڈ پر موجود نہیں، مقررہ قواعد کے تحت اپنی درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 رجب بمطابق 30 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق کیٹرنگ کمپنیوں کو افطار دسترخوان کے لیے اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ وہ روزانہ کم از کم 10 ہزار مقررہ معیار کے فوڈ پیکٹس فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ادارہ امورِ حرمین کا کہنا ہے کہ زائرین کی سلامتی اور صحت کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہیلتھ اسٹینڈرڈز کے تحت حرمین شریفین کے مخصوص مقامات پر افطار پیکٹس تقسیم کیے جاتے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ رمضان سے قبل ایک آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے افراد اور فلاحی تنظیمیں مسجد الحرام میں افطار دسترخوان کے انتظام کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گی۔

Leave feedback about this