بھارتی ریاست مغربی بنگال کی حکمران جماعت آل انڈیا ترنمول کانگریس پارٹی کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت کی 33 ویں برسی پر نئی بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں کئی لوگ اینٹیں اٹھا کر لائے اور بابری مسجدکا سنگ بنیاد رکھنے میں حصہ ڈالا۔اس موقع پر پر ہمایوں کبیر نے کہا کہ وہ مسجد کی تعمیر کے لیے حکومت سے فنڈ نہیں لیں گے، ایک ڈونر نے 80 کروڑ روپے دینےکا کہا ہے، فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہمایوں کبیر نے الگ پارٹی بنانےکا اعلان کرتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں مسلمان ایم ایل اے منتخب کریں۔خیال رہےکہ ترنمول کانگریس کی جانب سے ایم ایل اے ہمایوں کبیرکو بابری مسجد بنانے کے اعلان پر 2 روز قبل معطل کردیا گیا تھا۔انہیں معطل کرنےکا اعلان کولکتہ کے میئر اور ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما فرہاد حکیم نے کیا۔فرہاد حکیم کا کہنا تھا کہ انہیں اچانک بابری مسجدکیوں یاد آئی؟ اس معاملے پر آنے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی کو ہی فائدہ ہوگا۔

Leave feedback about this