امریکا: ماہرینِ حیاتیات نے دریافت کیا ہے کہ انسانی جسم میں موجود پروٹین کے ایک خاص جزو کو روک دیا جائے تو چکنائی والا کھانا کھانے سے بھی وزن نہیں بڑھے گا اور میٹابولک توازن بحال رہے گا۔ماہرین حیاتیات نے چوہوں پر کیے گئے تجربے سے پتہ لگایا کہ بدن میں سے پروٹین AMPK کے جزو SAPS3 کو اگر ختم کر دیا جائے تو زیادہ چکنائی والی خوراک کھانے کے باوجود توانائی کا توازن برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ دریافت SAPS3 کی روک تھام کو نشانہ بنا کر موٹاپا، ذیابیطس، اور دیگر میٹابولک امراض میں مدد بھی فراہم کر سکتی ہے۔بہت زیادہ چکنائی کھانے سے کئی میٹابولک امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے لیکن ایسا کیسے ہوتا ہے، اس کے پیچھے چھُپے طریقہ کار کو سمجھا نہیں گیا تھا۔ اب کیلیفورنیا یونیورسٹی، اروین (UCI) کے ماہرین نے اس حوالے سے ایک کلیدی کھوج کی ہے کہ زیادہ چکنائی والی خوراک کے منفی اثرات کو کیسے روکا جاسکتا ہے۔ مطالعہ حال ہی میں سائنسی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوا ہے۔AMPK کا SAPS3 نامی جزو چکنائی والی غذا کے جزوِ بدن میں تبدیل ہونے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین نے چوہوں کے ایک گروپ کے جینوم سے SAPS3 کو ختم کیا اور انہیں 45 فیصد چکنائی والی غذائیں دیں اور نتائج تحقیقی ٹیم کے لیے بھی چونکا دینے والے تھے۔
Leave feedback about this