کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 2 سیکیورٹی گارڈز سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی نے بتایا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں تمام غیر ملکی شہری راستے میں لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں نامعلوم افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 5 جاپانی شہری سوار تھے، حملے کے نتیجے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا جب کہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی گارڈز سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بموں سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیں، 2 کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں۔
Leave feedback about this