ایڈز کنٹرول پروگرام نے تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 2 ماہ کے دوران 488 افراد ایڈز میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
ایڈز کنٹرول پروگرام نے صوبہ خیبر پختونخوا کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگست میں ایڈز مریضوں کی تعداد 5 ہزار 202 تھی، جبکہ ستمبر میں ایڈز مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہزار 690 ہو گئی۔
ایڈز کنٹرول پروگرام نے صنفی اعتبار سے بتایا کہ صوبے میں 4 ہزار 4 مرد اور ایک ہزار 301 خواتین ایڈز میں مبتلا ہیں، جبکہ پشاور کے 50 خواجہ سراؤں میں بھی اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ایڈز پروگرام کے مطابق پشاور میں 207 بچوں اور 128 بچیوں کے ایڈز ٹیسٹ بھی مثبت آ چکے ہیں، اس طرح کُل ملا کر صوبائی دارالحکومت میں 3 ہزار 593 ایڈز مریضوں کا علاج جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کے دوسرے شہروں کی صورتحال دیکھی جائے تو کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ہزار 270 ایڈز مریضوں کا علاج جاری ہے، جبکہ بٹ خیلہ میں 251 ایڈز مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔
ایڈز کنٹرول پروگرام کی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کے 6 اسپتالوں میں ایڈز علاج سینٹر قائم ہیں، جہاں ایڈز مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹ کی سہولت دی جا رہی ہیں۔
Leave feedback about this