ضمنی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت داخلہ کی طرف سے 90 روز کے لیے ضمنی انتخابات ملتوی کیے جانے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات معمول کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا گیا تھا، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کر دیے جائیں کیونکہ ایک سیاسی جماعت اسلام آباد پر قبضہ کرنے کے لیے آ رہی ہے۔
اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران ضمنی انتخابات کے بارے میں سکیورٹی سے متعلق آگاہ کیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری دفاع نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کروائے جائیں گے، تاہم این اے 45 کرم میں امن و امان کے حالات کے باعث انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات بھی معمول کے مطابق ہوں گے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہی کروائے جائیں گے، جبکہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات اعلان کردہ تاریخ 23 اکتوبر کو ہوں گے۔