وفاقی کابینہ اجلاس، سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ، اتحادی جماعتوں کی مشاورت پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

وفاقی کابینہ اجلاس، سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ، اتحادی جماعتوں کی مشاورت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پر اتحادی جماعتوں سے مشاورت بھی کی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، شرکائے اجلاس کو لانگ مارچ سے متعلق وزیر داخلہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے 41 کروڑ روپے کے عطیات کی منظوری دے دی، عطیات ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مانگے گئے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اتحادی جماعتوں سے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت بھی کی۔

وفاقی کابینہ نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے پر شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے سائفر گمشدگی اور مبینہ آڈیو لیکس سے متعلق جاری تحقیقات پر بھی غور کیا گیا، سیاسی صورتحال پر غور کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے تمام افسران کو کابینہ روم سے باہر جانے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں مہنگائی کے حوالے سے بھی امور زیر بحث آئے، نیز سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور امدادی کاموں کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔

Exit mobile version