یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف سرکاری شخصیات اور قومی رہنماؤں نے پیغامات جاری کیے ہیں، صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، اور وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے اپنے اپنے پیغامات میں کشمیریوں کے حق خودارادیت اور جدوجہد پر انھیں خراج تحسین پیش کیا، اور غاصب بھارت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد حق خود ارادیت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے، اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت چوتھے جنیوا کنونشن سمیت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی کر رہا ہے، عالمی برادری کو اس جارحیت اور ہٹ دھرمی پر آواز اٹھانی ہو گی۔
وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے جبرکے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے دبانے کی کوشش کی، لیکن ناکام ہوا اور پھر 3 سال قبل مودی نے کشمیر کے عوام پر وار کیا، جس میں وہ ان شاء اللہ ناکام ہو گا، جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیرکے ساتھ پاکستان کی وابستگی لازوال ہے، جس میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔
یوم استحصال پر حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کہتی ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں صدی کی سب سے بڑی ڈکیتی کرنے جا رہا ہے، جس کے تحت وہ قبضے کے لیے لاکھوں بھارتیوں کو مقبوضہ کشمیر بھیج رہا ہے، اب تک 60 لاکھ ڈومیسائل ہندوؤں کو دے دیے گئے ہیں۔
آج کے دن کی مناسبت سے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی، جس میں سیکرٹری خارجہ اور وزارتِ داخلہ کے عملے نے شرکت کی، شرکاء نے بھارتی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور کشمیریوں کو آزادی دینے کا پُرزور مطالبہ کیا، جس سے اسلام آباد کی فضائیں ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ کے نعروں سے گونج اٹھیں۔