15 اکتوبر 2026: وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں پمز اوور سائٹ کمیٹی کے وفد نے جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی کی قیادت میں آج پمز کے نئے ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد جاری کاموں اور نئے بلاک کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے ضروری انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر سول ورک کی پیش رفت، ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر ضروری عملے کی بھرتی اور باقی انتظامی و عملی تقاضوں پر غور کیا گیا۔ جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل اور عملے کی بھرتی کے عمل کو تیز کیا جائے، جبکہ دیگر زیرِ التوا امور بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ نئے ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کو جلد طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
دورے اور اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق، پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈیئر عظمت حیات، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین، ڈاکٹر ارم نوید، سینئر فیکلٹی اراکین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے ایمرجنسی بلاک کو جلد فعال بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں کے درمیان مؤثر رابطے اور ضروری کاموں کی بروقت تکمیل پر زور دیا گیا۔
