اس صوبے میں ہمارا کوئی سیاسی مقصد نہیں، ہمارا مقصد صرف امن اور ترقی ہے؛ وزیراعظم کے معاون خصوصی کی گفتگو
مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اختیار ولی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں گورنر راج ضرورت کے مطابق نافذ رہے گا اور اگر انتخابات تک بھی ضرورت پیش آئی تو اس کا نفاذ جاری رکھا جائے گا، تاہم عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور ان کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ سے قبل بھی صوبائی اسمبلی غیر فعال تھی اور وزیراعلیٰ سمیت دیگر اراکینِ اسمبلی تکنیکی طور پر معطل ہی تھے۔
سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی اس وقت حفاظتی تحویل میں ہیں اور انہوں نے خود کو رضاکارانہ طور پر حکام کے حوالے کیا ہے، صوبے میں اب بے لاگ احتساب کا عمل شروع ہوگا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں انتظامی نظام شدید متاثر تھا اور بعض اضلاع کی صورتحال ابتر ہو چکی تھی، وفاقی حکومت کا کوئی سیاسی مقصد ہے، حکومت کا واحد مقصد صوبے میں امن و امان کا قیام اور ترقی کے عمل کو بحال کرنا ہے۔
