پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت کردی۔پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی و کور کمیٹی کےمشترکہ اجلاس کااعلامیہ جاری کردیا گیا،پی ٹی آئی نےخیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئےکہا ہےکہ ایسا کوئی بھی اقدام صوبے کے عوام کے جمہوری مینڈیٹ اور آئینی حقوق پر حملہ ہوگا۔
اعلامیے کےمطابق گورنر راج سے صوبے میں سیاسی کشیدگی اور عوامی بے چینی میں اضافہ ہوگا۔ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کے آئینی حقوق، امن اور ترقی کا تحفظ ناگزیر ہے۔پی ٹی آئی نے دہشت گردوں اور دہشت گردی کی ہر شکل کی غیر مشروط مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے عوامی نمائندوں سے مشاورت ضروری ہے اور سیاسی جماعتوں کے مؤقف کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
اعلامیےمیں عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جماعت اسلامی کے جمہوری مؤقف کا خیرمقدم کرتےہوئے دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ آئین کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
