لاہور: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری سے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شروع ہوگئی۔بارش اورپہاڑوں پرہلکی برفباری کےباعث بالائی علاقوں میں موسم سردہوگیا۔
مظفر آبادشہراورگردونواح کے علاوہ وادی نیلم،وادی لیپہ اورکرناہ میں وقفے وقفے سےبارش ریکارڈکی گئی۔بلند پہاڑی چوٹیوں پرہلکی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے، اسی طرح لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی ضروری اقدامات کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Leave feedback about this