میں عمران خان کا سپاہی ہوں، پوری دنیا کی دولت بھی میری قیمت نہیں لگا سکتی، پوری دنیا کی طاقت اکٹھی ہوکر بھی مجھے نہیں ڈرا سکتی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کوہاٹ میں خطاب
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ آٹھ اکتوبر سے ہمارا ٹی ٹونٹی میچ شروع ہوگا، ابھی تھوڑا آرام سے کھیلیں گے، پوری دنیا کی دولت بھی میری قیمت نہیں لگا سکتی۔ انہوں نے لانگ مارچ کے کوہاٹ پہنچنے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کا سپاہی ہوں، پوری دنیا کی دولت اکٹھی بھی ہومیری قیمت نہیں لگا سکتی، پوری دنیا کی طاقت اکٹھی بھی ہوجائے پھر بھی مجھے نہیں ڈرا سکتی، ہماری جنگ لمبی ہے زیادہ خود کو تھکانا نہیں ہے، 8اکتوبر سے ہمارا ٹی ٹونٹی میچ شروع ہوگا، ابھی تھوڑا آرام سے کھیلیں گے، 8اکتوبر کو عمران خان بنیں گے۔
آج ہمارا پڑاؤ ادھر کوہاٹ میں ہے، کل 3بجے یونیورسٹی چوک سے ہمارا لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، ہم نے ان لوگوں کو پیغام پہنچانا ہے جنہوں نے عمران خان، ان کی اہلیہ، بہنوں ناحق قید کیا ہے، کل ہم ان کو پیغام دیں گے کہ خیبرپختونخواہ عمران خان کا تھا، عمران خان کا ہے اور عمران خان کا رہے گا۔
مزید برآں وزیراطلاعات شفیع جان نے ایکس پر بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں بالقسط لانگ مارچ کے دوسرے دن عظیم الشان قافلہ جیل چوک کرک سے لاچی، کوہاٹ پہنچ گیا ہے۔
قافلے میں کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد شریک ہے۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل یہ تاریخی قافلہ جوش و جذبے کے ساتھ کوہاٹ پہنچ چکا ہے، جس میں بزرگ شہریوں، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے ہمراہ ارکانِ اسمبلی، مقامی پارٹی قیادت اور دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔کارکنان کا ولولہ، عوام کی بھرپور شرکت اور قافلے کی بڑی تعداد اس تاریخی سفر کو مزید یادگار بنا رہی ہے۔
قافلے میں شامل نوجوانوں کے ہاتھوں میں پاکستانی اور پارٹی پرچم ہیں، جبکہ دلوں میں امن کی امید لیے وہ اپنے لیڈر عمران خان کی رہائی کے لیے پُرعزم اور پُرجوش ہیں۔ بالقسط لانگ مارچ مکمل طور پر پُرامن ہے۔ قافلہ آج رات کوہاٹ میں قیام کرے گا، جبکہ سفر کا اگلا مرحلہ کل دوبارہ جاری رہے گا۔
