فضل الرحمان قانون کی حکمرانی، شفاف انتخابات، بدامنی کے خلاف احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کرینگے، ترجمان
جے یو آئی نے 15 اکتوبر کو ملتان میں حکومت مخالف جلسے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ یہ جلسہ جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گا اور مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔
جمیعت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت مخالف تحریک جے یو آئی کا اگلا قدم ہے، جنوبی پنجاب کے دل ملتان میں 15 اکتوبر کو مفتی محمود کانفرنس ہوگی، یہ کانفرنس عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگی
ترجمان نے کہا کہ مفتی محمود کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی، مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفورحیدری و دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین کانفرنس سے خطاب کریں گے، مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔
