پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں دھرنے اور لانگ مارچ کی کال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر سیکیورٹی کے انتظامات شروع کر دیے
پولیس ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع اور پولیس یونٹس سے نفری کی اٹک، راولپنڈی اور اسلام آباد روانگی شروع ہوگئی ہے، تینوں شہروں میں پنجاب پولیس کی مجموعی نفری 46 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کردی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اٹک میں 8 ڈی آئی جیز اور 15 ایس ایس پیز سمیت تقریباً 30 ہزار افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 6 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے، اسلام آباد پولیس کے حوالے سے 10 سے 12 ہزار پنجاب پولیس اہلکار فراہم کیے جائیں گے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ نفری کی نقل و حرکت کے لیے تقریباً 9 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، نفری پنجاب کانسٹیبلری، ضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پیٹرول، ایس پی یو، ایلیٹ فورس سمیت مختلف یونٹس سے فراہم کی جائے گی، 11 ڈی آئی جیز، 24 ایس ایس پیز سمیت افسران کی بڑی تعداد بھی نفری کے ہمراہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہوگی۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے بھی 19 ہزار اہلکار، 15 ہزار آنسو گیس شیلز، 2 گنز اور ربر کی گولیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم اسلام آباد پولیس کو مطلوبہ سامان کی فراہمی کا فیصلہ حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کی سیاسی جماعت کی کال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی اور امن و امان کی صورت حال قابو میں رکھنے کے لیے متعلقہ مقامات پر نفری تعینات کی جائے گی۔
