پاکستانی آٹومارکیٹ میں ’’بی وائے ڈی‘‘ کی پہلی مقامی اسمبل گاڑی متعارف کروادی گئی۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری پاک آٹو شو کے دوران ’’بی وائے ڈی ‘‘نے اپنی نئی گاڑیوں کا لائن اَپ پیش کردیا، تاہم سب سے زیادہ توجہ BYD SEALION 6 نے حاصل کی جو پاکستان میں کمپنی کی پہلی مقامی طور پر اسمبل ہونے والی گاڑی ہوگی،یہ گاڑی میگا موٹر کمپنی کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی ہے, کمپنی کے مطابق مقامی سطح پر اس کی پیداوار اور اسمبلنگ رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
BYD SEALION 6 گاڑی جدید Super DM-i ٹیکنالوجی سے لیس ہے جوبرقی ڈرائیونگ کے تجربے کو پلگ اِن ہائبرڈ کی سہولت کے ساتھ جوڑتی ہے،کمپنی کے مطابق گاڑی ایک مرتبہ چارج کرنے اور فیول ٹینک بھرنے کے بعد مجموعی طور پر 1,100 کلومیٹر تک کی ڈرائیونگ رینج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پاک آٹو شو میں BYD نے صرف SEALION 6 ہی پیش نہیں کی بلکہ کمپنی کے خصوصی لائن اَپ میں BYD ATTO 2 کے علاوہ آؤٹ بیک اورنج رنگ میں BYD SHARK 6 Anniversary Edition کی بھی نمائش کی گئی،اس کے علاوہ BYD کے لگژری برانڈ DENZA کا ماڈل B8 بھی کمپنی کے نمایاں ماڈلز میں شامل ہے۔
BYD پاکستان کے کنٹری ہیڈ لی جیان کے مطابق پاکستان میں نئی توانائی کی نقل و حرکت کے شعبے میں بڑی صلاحیت موجود ہے،پاکستان میں آمد کے بعد صارفین کی جانب سے ملنے والے مثبت ردعمل نے کمپنی کے طویل المدتی وژن کو مزید مضبوط کیا ہے،SEALION 6 کی مقامی اسمبلنگ اسی وژن کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
دوسری جانب میگا موٹر کمپنی کے وی پی سیلز اینڈ اسٹریٹجی دانش خالق کا کہنا ہے کہ پاکستانی صارفین عالمی سطح پر متعارف ہونے والی نئی ٹیکنالوجی اپنانے کے لیے تیار ہیں،مقامی اسمبلنگ سے کمپنی کے گاڑیوں کے پورٹ فولیو میں وسعت آئے گی اور پاکستان کی مستقبل کی آٹو موبائل انڈسٹری کی تشکیل میں بھی مدد ملے گی۔
