سیمنٹ کی قیمتیں نیچے آگئیں، نئی اوسط قیمت سامنے آگئی تازہ ترین Roze News
تازہ ترین معیشت و تجارت

 سیمنٹ کی قیمتیں نیچے آگئیں، نئی اوسط قیمت سامنے آگئی

پاکستان میں سیمنٹ کی قیمتیں نیچے آگئیں

پاکستان میں سیمنٹ کی قیمتیں نیچے آگئیں

 

کراچی: گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں سیمنٹ کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی ہے، تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد اور شہریوں کے لیے معمولی ریلیف کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی اوسط خوردہ قیمت میں کمی ہوئی ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 20 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران شمالی علاقوں اور شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط خوردہ قیمت 1565 روپے ریکارڈ کی گئی، جو اس سے گزشتہ ہفتے 1569 روپے تھی۔ اس طرح سیمنٹ کی قیمت میں 0.30 فیصد کمی سامنے آئی۔

دوسری جانب پاکستان کے جنوبی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی اوسط خوردہ قیمت 1547 روپے فی بوری پر برقرار رہی اور ہفتہ وار بنیاد پر اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔شہر وار قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1532 روپے، راولپنڈی میں 1535 روپے، گوجرانوالہ میں 1600 روپے اور سیالکوٹ میں 1570 روپے رہی۔ لاہور میں ایک بوری کی اوسط قیمت 1590 روپے جبکہ فیصل آباد میں 1550 روپے ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح سرگودھا میں سیمنٹ 1600 روپے، ملتان میں 1591 روپے اور بہاولپور میں 1560 روپے فی بوری کی اوسط قیمت پر فروخت ہوا۔ پشاور میں قیمت 1573 روپے جبکہ بنوں میں 1510 روپے ریکارڈ کی گئی۔ملک کے جنوبی حصے میں کراچی میں سیمنٹ کی اوسط قیمت 1518 روپے، سکھر میں 1600 روپے اور لاڑکانہ میں 1523 روپے رہی۔ کوئٹہ میں فی بوری اوسط قیمت 1520 روپے جبکہ خضدار میں 1650 روپے ریکارڈ کی گئی۔

شہر وار اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ مدت میں خضدار میں سیمنٹ کی اوسط قیمت سب سے زیادہ جبکہ بنوں میں سب سے کم رہی۔ مجموعی طور پر شمالی علاقوں میں معمولی کمی کے باوجود مختلف شہروں میں سیمنٹ کی قیمتیں مختلف سطحوں پر برقرار ہیں۔

Exit mobile version