جنگ ستمبر1965 کے ہیرو میجر راجا عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کا یوم شہادت آج بروز ہفتہ منایا جارہا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 61 ویں یوم شہادت پر ان کی غیر معمولی جرات، قیادت اور عظیم قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
میجر عزیز بھٹی شہید نے 12 ستمبر 1965کو لاہور کے محاذ پر سینہ سپر ہوتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کے سب سے بڑے اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔
میجر عزیز بھٹی شہید نے پانچ دن اور پانچ راتیں دشمن کے حملوں کا مقابلہ کرکے برکی سیکٹر کا بہادری سے دفاع کیا، میجر عزیز بھٹی شہید کی ثابت قدم قیادت نے دشمن کی پیش قدمی روک دی۔
دشمن کو ان حملوں میں بکتر بند اور بھاری توپ خانے کی مدد حاصل تھی، اِس معرکہ کے دوران آپ نے دفاع کے ساتھ ساتھ دشمن پر حملہ بھی کِیا اورBRB نہر عبور کرنے والے واحد پُل پر قابض دشمن کو پیچھے دھکیل دیا۔
12ستمبر کو میجر راجہ عزیز بھٹی نے دشمن کے بڑھتے بکتر بند اور پیدل دستوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دشمن کے دو ٹینک تباہ ہوگئے۔
آپ نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مسلسل دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور اُسے بھاری جانی و مالی نقصان بھی پہنچایا، اِسی دوران دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ لگنے سے میجر راجہ عزیز بھٹی نے جام شہاد ت نوش کیا، میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی اس لازوال قربانی کی بدولت دشمن لاہور کی جانب پیش قدمی نہ کر سکا۔
