ملک کے مختلف علاقوں میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لینے کو تیار ہے ، محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں آج رات بوندا باندی کی توقع ہے، جبکہ اسلام آباد میں گرمی اور خشکی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں دن کے دوران سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے تاہم رات کے وقت چند علاقوں میں بوندا باندی موسم میں ہلکی سی تبدیلی لا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے اس دوران نمی کی موجودگی کے باعث شہریوں کو گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
کراچی کے فضائی معیار کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث فی الحال فضائی آلودگی شہریوں کے لیے بڑا مسئلہ نہیں بن رہی۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں۔
اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم دن کے دوران پارہ 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز کے مقابلے میں آج درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث شہریوں کو دن کے اوقات میں گرمی زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں موسم نسبتاً مختلف رہنے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
ان علاقوں میں بیشتر مقامات پر بارش کی توقع ہے، جس سے موسم میں خنکی بڑھ سکتی ہےٓ ، بالائی علاقوں میں رہنے والے شہریوں اور سفر کرنے والوں کو موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کے دوران شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ موسم کے مطابق معمولات ترتیب دیں۔ خاص طور پر گرم شہروں میں دن کے اوقات میں غیر ضروری دھوپ سے بچنا اور پانی کا استعمال بڑھانا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔