ایران نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی جانب سے اعلان کردہ بڑے اقتصادی دباؤ کی مہم کو مسترد کرتے ہوئے اسے امریکی دعووں سے متضاد قرار دیا ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں امریکی مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ایک طرف دعویٰ کر رہا ہے کہ ایران کی فوجی طاقت ختم کردی گئی، اس کی 100 فیصد فوجی فیکٹریاں تباہ ہوگئی ہیں اور اس کا جوہری پروگرام بھی دفن کردیا گیا ہے
انہوں نے سوال کیا کہ اگر ایران کی فوجی اور جوہری صلاحیتیں واقعی مکمل طور پر ختم کردی گئی ہیں تو پھر امریکا کو تاریخ کی سب سے بڑی مالی کارروائی شروع کرنے اور اپنے تمام اداروں اور طاقتوں کو متحرک کرنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟
کاظم غریب آبادی نے امریکی اقتصادی دباؤ کے اعلان پر طنزیہ انداز میں سوال کیا، ’’کیا یہ فتح ہے یا امریکا کی شکست کا اعتراف؟‘‘
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں اقتصادی پابندیاں ایک اہم محاذ بن چکی ہیں۔ واشنگٹن ایران کی معیشت، تیل کی آمدنی اور مالیاتی نظام پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ تہران امریکی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے مزاحمت جاری رکھنے کا عندیہ دے رہا ہے۔
