چین کے قریب امریکی بحری جنگی جہاز کی بجلی بند: چار دن تک عملہ شدید مشکلات کا شکار تازہ ترین Roze News
تازہ ترین دنیا

چین کے قریب امریکی بحری جنگی جہاز کی بجلی بند: چار دن تک عملہ شدید مشکلات کا شکار

چین کے قریب امریکی بحری جنگی جہاز کی بجلی بند: چار دن تک عملہ شدید مشکلات کا شکار

چین کے قریب امریکی بحری جنگی جہاز کی بجلی بند: چار دن تک عملہ شدید مشکلات کا شکار

بحیرہ جنوبی چین میں یو ایس ایس بین فولڈ کے ٹوائلٹس، ایئرکنڈیشننگ اور کھانے کی سہولت بھی متاثر، مرمت کے لیے فلپائن لے جایا گیا

جنوبی بحیرہ چین میں تعینات امریکی بحری بیڑہ مبینہ طور پر گزشتہ چار روز سے بجلی کی فراہمی سے محروم ہے، جس کے باعث شدید گرمی کے دوران جہاز پر موجود عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی بندش کے نتیجے میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا جبکہ جہاز کے بعض بنیادی نظام بھی متاثر ہوئے ہیں۔

امریکی ساتویں بحری بیڑے کے مطابق یو ایس ایس بین فولڈ پر 24 جولائی کو جنریٹرز سے متعلق تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں جہاز بجلی سے محروم ہوگیا۔

تقریباً 10 ہزار ٹن وزنی ارلی برک کلاس گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر اپنے طور پر حرکت کرنے کی صلاحیت بھی کھو بیٹھا۔ امریکی بحریہ کے مطابق واقعے میں کسی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

بحیرہ جنوبی چین میں جولائی کے آخری دنوں میں دن کے وقت درجہ حرارت 32 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا، جس کے باعث ایئرکنڈیشننگ کی بندش نے عملے کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔

امریکی بحریہ کے مطابق بجلی کی بندش کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

امریکی بحریہ کے مطابق یو ایس ایس رابرٹ اسمالز نامی گائیڈڈ میزائل کروزر نے بجلی سے محروم بین فولڈ کے عملے کو تیار کھانا فراہم کیا، جبکہ جاپان میں موجود یو ایس ایس جارج واشنگٹن کیریئر اسٹرائیک گروپ کے دیگر جنگی جہازوں نے بھی مدد فراہم کی۔

چار روز تک بجلی کی بحالی نہ ہونے کے بعد یو ایس ایس بین فولڈ کو مرمت کے لیے فلپائن کے سبیک بے تک کھینچ کر لے جایا گیا۔ بحریہ کے مطابق مرمت کا کام 8 اگست کو مکمل ہوا، جس کے بعد جہاز دوبارہ معمول کی ذمہ داریوں پر واپس آگیا۔

سابق امریکی بحری افسر کارل شوسٹر کے مطابق بحیرہ جنوبی چین جیسے علاقے میں چار روز تک بجلی سے محرومی انتہائی دباؤ کا باعث ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں عملہ موسم، خوراک اور آئندہ صورتحال کے حوالے سے فکرمند ہوتا ہے جبکہ انجینئرز خرابی دور کرنے پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔

Exit mobile version