پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سوشل میڈیا انفلوئنسر شمسو بی بی عرف عائشہ گلمانہ کو نامعلوم شخص نے گولی مار کر قتل کر دیا، واقعے کی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
شمسو بی بی کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا جس میں قتل، اقدام قتل اور اعانت جرم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ شمسو بی بی کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کے موبائل پر کاشف نام کے شخص کی کال آئی جبکہ وہ اپنے بھائی اور بہن کے ساتھ باہر چلی گئی، کچھ دیر بعد مجھے اطلاع ملی کہ میری بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
مقتولہ کے والد کے مطابق ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا جا کر بیٹی کی لاش کی شناخت کی، دوسری بیٹی اور بیٹا زخمی تھے، بیٹے نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے فائرنگ کی، بیٹی کو گردن پر گولی لگی جس سے گاڑی بے قابو ہو کر ڈمپر سے ٹکرائی، بیٹا ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس میں مسلح شخص کو شمسو بی بی کی گاڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں یہ بھی واضح ہے کہ واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پہنچ رہی ہے جبکہ لوگوں کا ہجوم جمع ہے۔
روز ٹی وی اس فوٹیج کی تصدیق نہیں کر سکتا۔
