اٹلس ہونڈا کی نئی CB125F 2026 ماڈل لانچ، قیمت اور فیچرز پر صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آگیا ہے ۔
پاکستان میں موٹر سائیکلوں کی سب سے بڑی کمپنی اٹلس ہونڈا نے 2026 ماڈل CB125F متعارف کرا دی ہے، تاہم نئی موٹر سائیکل کے مارکیٹ میں آتے ہی صارفین اور آٹو ماہرین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
نئی CB125F کی قیمت تقریباً 4 لاکھ روپے کے قریب ہے، لیکن کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ قیمت کے باوجود موٹر سائیکل میں کوئی بڑی تکنیکی تبدیلی شامل نہیں کی گئی۔ خریداروں کے مطابق نئی موٹر سائیکل میں زیادہ تر تبدیلیاں صرف ظاہری شکل، نئے گرافکس اور رنگوں تک محدود ہیں، جس کی وجہ سے انہیں نمایاں اپ گریڈ کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔
نئی CB125F میں انجن، چیسز، سسپنشن، بریکنگ سسٹم، گیئر باکس اور دیگر بنیادی خصوصیات گزشتہ ماڈل جیسی ہی رکھی گئی ہیں۔ موٹر سائیکل میں 125 سی سی سنگل سلنڈر فور اسٹروک ایئر کولڈ انجن، پانچ اسپیڈ گیئر باکس، سیلف اور کِک اسٹارٹ، فرنٹ ڈسک بریک، الائے ویلز اور ٹیوب لیس ٹائرز جیسے فیچرز شامل ہیں
آٹو ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اسی کیٹیگری کی موٹر سائیکلوں میں جدید ٹیکنالوجی تیزی سے متعارف کرائی جا رہی ہے، جن میں ایل ای ڈی ہیڈلائٹس، ڈیجیٹل یا ٹی ایف ٹی انسٹرومنٹ کلسٹر، فیول انجیکشن، بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی اور جدید سیفٹی فیچرز شامل ہیں۔ تاہم پاکستانی صارفین کو نئی CB125F میں زیادہ تر ڈیزائن اور ظاہری تبدیلیاں ہی دیکھنے کو ملی ہیں۔
دوسری جانب ہونڈا کے حامی صارفین کا کہنا ہے کہ کمپنی کی سب سے بڑی طاقت اس کا قابلِ اعتماد انجن، آسان مرمت، اسپیئر پارٹس کی ملک بھر میں دستیابی اور بہترین ری سیل ویلیو ہے۔ ان کے مطابق یہی خصوصیات ہونڈا کو پاکستان میں مقبول ترین موٹر سائیکل برانڈز میں شامل رکھتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بڑھتی مہنگائی کے باعث صارفین اب صرف برانڈ نام پر انحصار نہیں کرتے بلکہ قیمت کے مقابلے میں دستیاب فیچرز اور جدید ٹیکنالوجی کو بھی اہمیت دے رہے ہیں۔
اب سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ کیا نئی CB125F میں محدود تبدیلیاں تقریباً 4 لاکھ روپے قیمت کا جواز فراہم کرتی ہیں یا صارفین مستقبل میں مزید جدید فیچرز والی موٹر سائیکلوں کو ترجیح دیں گے۔ نئی CB125F کی کامیابی کا انحصار صارفین کے اسی فیصلے پر ہوگا۔
