فیفا ورلڈ کپ 2026، پہلا سیمی فائنل آج، فرانس اور اسپین کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں آج پہلے سیمی فائنل میں دو عالمی طاقتیں فرانس اور اسپین ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا، جس پر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔
اس بڑے معرکے میں فرانس کی سب سے بڑی امید اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے ہوں گے، جن کی رفتار، شاندار ڈربلنگ اور گول کرنے کی صلاحیت اسپین کے مضبوط دفاع کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب اسپین کے نوجوان فٹبال سنسنی لامین یامال اپنی غیر معمولی کارکردگی کے باعث ٹیم کے اہم ترین ہتھیار سمجھے جا رہے ہیں۔
سیمی فائنل میں ایک طرف فرانس کا خطرناک اٹیک ہوگا تو دوسری جانب اسپین کا منظم اور مضبوط دفاع، جس نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسپین کے خلاف اب تک صرف ایک گول اسکور کیا جا سکا ہے، جو اس کے دفاعی نظام کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔
اسپین رواں ورلڈ کپ میں ناقابل شکست سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ ٹیم کا واحد ڈرا کیپ وردے کے خلاف بغیر کسی گول کے مقابلے میں آیا، جبکہ دیگر تمام میچز میں اسپین نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
اسپین کی نظریں اب تاریخ میں دوسری مرتبہ عالمی کپ ٹرافی جیتنے پر ہیں، تاہم اسے اس مقصد کے لیے فرانس جیسے مضبوط حریف کا سامنا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب 2018 کی عالمی چیمپئن فرانس بھی تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں سے بھرپور ٹیم ہے۔ فرانس گزشتہ ورلڈ کپ میں بھی فائنل تک پہنچا تھا اور اب ایک بار پھر عالمی اعزاز اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
فرانس کے خلاف حالیہ مقابلوں میں اسپین کو نفسیاتی برتری حاصل رہی ہے۔ اسپین نے یورو 2024 اور یوئیفا نیشنز لیگ کے سیمی فائنل میں فرانس کو شکست دے کر اپنی مضبوطی ثابت کی، جس کے باعث آج کا مقابلہ مزید دلچسپ اور سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے۔
فٹبال کے کروڑوں مداح اس بڑے مقابلے کے منتظر ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ ایمباپے اور یامال جیسے عالمی ستاروں کی موجودگی میں یہ سیمی فائنل ورلڈ کپ کے یادگار مقابلوں میں شامل ہونے کی توقع رکھتا ہے۔
