محکمہ موسمیات نے آج منگل کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش، موسلا دھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور جنوب مشرقی سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، پشاور، مردان، صوابی، کرم، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، ہنگو، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، پشاور، کرم، مردان اور صوابی میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، سرگودھا، ساہیوال، جھنگ، ملتان، خانیوال اور ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم ساحلی علاقوں، تھرپارکر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہے گی، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ادارے نے مزید خبردار کیا ہے کہ آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب ملک میں گرمی کی شدت بھی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور دادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جیکب آباد، نوکنڈی اور دالبندین میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
