مبینہ طور پر تنخواہ نہ ملنے اور ٹھیکیدار کے ظلم سے تنگ ستھرا پنجاب کے ورکر نے خودکشی کرلی پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

مبینہ طور پر تنخواہ نہ ملنے اور ٹھیکیدار کے ظلم سے تنگ ستھرا پنجاب کے ورکر نے خودکشی کرلی

مبینہ طور پر تنخواہ نہ ملنے اور ٹھیکیدار کے ظلم سے تنگ ستھرا پنجاب کے ورکر نے خودکشی کرلی

مبینہ طور پر تنخواہ نہ ملنے اور ٹھیکیدار کے ظلم سے تنگ ستھرا پنجاب کے ورکر نے خودکشی کرلی

گوجرانوالہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ پروجیکٹ ستھرا پنجاب کے ایک غریب ورکر ذیشان نے ٹھیکیدار کی بے حسی، تنخواہ کی عدم ادائیگی اور تذلیل سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کے تحت کام کرنے والے ٹھیکیداروں نے ذیشان کے ساتھ 20 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ طے کی، حالانکہ آرڈر میں 40 ہزار تحریر تھی، ذیشان نے دل لگا کر کام کیا، لیکن اسے طے شدہ رقم کے تحت تنخواہ ادا نہیں کی گئی بلکہ صرف 19 ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی، اس پر چند ماہ پہلے ستھرا پنجاب کے اس ورکر ذیشان کی جانب سے ارباب اختیار کے سامنے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ ملک میں جاری شدید مہنگائی کے دور میں مالی حالات سے انتہائی تنگ آ کر جب ذیشان نے ٹھیکیدار سے اپنے خون پسینے کی پوری تنخواہ کا مطالبہ کیا، تو ٹھیکیدار نے غریب پر رحم کھانے کے بجائے ظلم کی انتہا کر دی، ٹھیکیدار نے ناصرف اسے نوکری سے برطرف کر دیا بلکہ اسے مبینہ طور پر سرِعام دھکے دیئے، گالیاں دیں اور شدید برا بھلا کہہ کر وہاں سے بھگا دیا۔

معلوم ہوا ہے کہ نوکری کے خاتمے، شدید معاشی تنگی اور سرِعام ہونے والی اس تذلیل کو ذیشان برداشت نہ کر سکا اور انتہائی دلبرداشتہ ہو کر موت کو گلے لگا لیا، اس واقعے کی خبر پھیلتے ہی گوجرانوالہ کے عوامی اور سماجی حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور ستھرا پنجاب کے اس قسم کے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت کام کرنے والے ورکرز کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں شہر کے مختلف اہم اور مصروف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، ان مظاہروں اور دھرنوں کے باعث شہر کی بعض اہم ترین شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ ستھرا پنجاب کے مشتعل ورکرز نے فیروز پور روڈ پر ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی ٹاور کے سامنے جمع ہو کر سڑک کو بلاک کر دیا، ارفع کریم ٹاور سے کلمہ چوک جانے والے ٹریک پر احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی عارضی طور پر مکمل بند ہو گئی، جس کی وجہ سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے مسافر خوار ہو کر رہ گئے ہیں۔

اس سے قبل جی ٹی روڈ پر قائد اعظم انٹرچینج کے مقام پر بھی ورکرز نے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا، اس کے ساتھ ساتھ شوق چوک کے مقام پر بھی مظاہرین کی موجودگی اور نعرے بازی کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید تعطل دیکھنے کو ملا، شہر کی ان اہم شاہراہوں پر احتجاج کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک جام سے نمٹنے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی۔

Exit mobile version