حکومت نے جیٹ فیول کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں کمی کے بعد فضائی شعبے میں مثبت اثرات اور ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے فضائی کمپنیوں کو ایندھن کے اخراجات میں واضح ریلیف ملے گا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر ایوی ایشن سیکٹر کے مالی دباؤ میں کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد ایئرلائنز کے روزمرہ آپریشنل اخراجات کم ہوں گے، جس کے مثبت اثرات ٹکٹوں کی قیمتوں اور فضائی سروسز کے معیار پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی صورتحال مارکیٹ کے ردعمل کے بعد واضح ہوگی۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی، جبکہ موجودہ کمی کے باوجود قیمتیں اس سطح کے مقابلے میں اب بھی بلند ہیں۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر جیٹ فیول پر پڑتا ہے، اور آئندہ دنوں میں بین الاقوامی صورتحال کے مطابق مزید تبدیلیاں بھی ممکن ہیں۔
