سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں جاری امریکا اور ایران کے درمیان امن اور تکنیکی مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کے سفارتی کردار کو ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
ایک صحافی کے سوال پر امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے حوالے سے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں‘‘ اس بیان کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور مسلسل رابطہ کاری کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
برگن اسٹاک میں ہونے والی اہم ملاقات میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی شرکت کی اس موقع پر دونوں رہنماؤں کی امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات ہوئی، جس میں خوشگوار ماحول دیکھا گیا ملاقات کے دوران رہنماؤں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور غیر رسمی انداز میں خیرسگالی کا اظہار بھی کیا۔
اجلاس میں امریکا کی جانب سے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے اس ملاقات میں خطے میں امن کی مجموعی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات اور ان کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
برگن اسٹاک میں ہونے والی یہ ملاقات اور بیانات اس بات کی علامت ہیں کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سفارتی کوششیں تیزی اختیار کر رہی ہیں ور پاکستان کو اس پورے عمل میں ایک اہم رابطہ کار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
