تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی، وزیر خزانہ نے بھی شہریوں کو خوشخبری سنا دی تازہ ترین Roze News
تازہ ترین معیشت و تجارت

تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی، وزیر خزانہ نے بھی شہریوں کو خوشخبری سنا دی

تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی، وزیر خزانہ نے بھی شہریوں کو خوشخبری سنا دی

تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی، وزیر خزانہ نے بھی شہریوں کو خوشخبری سنا دی

عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے رجحان کے بعد پاکستان میں بھی مستقبل میں ریلیف کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اسی طرح کم ہوتی رہیں تو پاکستان میں بھی پرانی قیمتوں کی سطح پر واپسی ممکن ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پیٹرولیم اس بات پر واضح ہیں کہ جیسے ہی عالمی قیمتوں میں کمی آئے گی، اس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے اس وقت 130 ارب روپے کی سبسڈی اور ٹارگٹڈ سپورٹ پروگرام بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو ملکی سطح پر قیمتیں بھی نیچے آتی رہیں گی۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی خطے میں موجود حالیہ کشیدگی سے پہلے بھی نافذ تھی اور اس کے بغیر بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے آئندہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد تک رہنے کا تخمینہ ہے۔ اگر خطے کی صورتحال جلد بہتر ہوتی ہے تو مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان میں معیشت اور سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم رہی، کہیں اشیائے خورونوش کی قلت یا لمبی قطاریں دیکھنے میں نہیں آئیں۔ ان کے مطابق ملک میں کسی بھی سطح پر شارٹیج کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔

وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ حکومت اس وقت مختلف اداروں کی تنظیم نو اور نجکاری کے عمل سے بھی گزر رہی ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی اس حوالے سے کوششوں کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن جیسے اداروں کی بندش کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، کیونکہ ان اداروں کو سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی تھی۔

Exit mobile version