عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور ممکنہ معاہدے کے مثبت اثرات عالمی تیل مارکیٹ پر مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تاحال باضابطہ ورکنگ شروع نہیں کی گئی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف تجاویز اور آپشنز پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے حوالے سے حتمی فیصلہ متعلقہ فارمولا اور عالمی قیمتوں کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔ ورکنگ مکمل ہونے کے بعد سمری وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی، جبکہ قیمتوں میں کمی کا باضابطہ اعلان وزیراعظم کی منظوری سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت تقریباً 79 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 81 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے امکانات مزید روشن ہو جائیں گے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور عوام کو خاطر خواہ ریلیف مل سکتا ہے۔
