حکومت نے شہریوں کے لیے پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی ڈیجیٹل ایپ کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران شہریوں کے لیے ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس شروع کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی۔
حکام کے مطابق پاسپورٹ ڈیلیوری کے نئے ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے بعد شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور دستاویز براہِ راست ان کے گھروں تک پہنچائی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور پاسپورٹ سروسز کو مزید جدید اور مؤثر بنانا ہے۔
