اوورسیز پاکستانیوں نے بیرون ملک سے ترسیلات زر میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جب کہ مئی کے دوران سوا چار ارب ڈالر وطن بھیج کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 20 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مئی میں سب سے زیادہ رقوم سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں سے ایک ارب دو کروڑ ڈالر پاکستان آئے۔ متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں، جبکہ برطانیہ سے 65 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔ اسی طرح یورپی یونین سے 46 کروڑ ڈالر اور دیگر خلیجی ممالک سے مجموعی طور پر 40 کروڑ ڈالر وطن پہنچے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے مئی کے دوران 35 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں مجموعی طور پر پاکستان کو 38 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہو چکی ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3 ارب ڈالر زیادہ ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں یہ اضافہ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے، جو زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے
