پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ونڈے میں 4وکٹ سے ہرا دیا
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے اسپنرز کے لیے سازگار اور مشکل وکٹ پر 42ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
اس سے قبل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
آسٹریلیا کی طرف سے کپتان جوش انگلس 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ مارنس لبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 اور ایڈم زیمپا نے 10 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کینگروز کا کوئی بھی کھلاڑی دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، شاداب خان اور ابرار احمد نے دو دو، جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر صاحبزادہ فرحان صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، البتہ معاذ صداقت نے 27 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ پچ کی مشکل صورتحال کے باعث مڈل آرڈر کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جہاں غازی غوری 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔
چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا اور بابر اعظم نے 33 رنز جوڑے لیکن سلمان کے آؤٹ ہونے سے ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔ بابر اعظم نے 85 گیندوں پر 40 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی مگر وہ اور عرفات منہاس 112 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
ایک وقت میں میچ پھنس چکا تھالیکن شاداب خان اور عبدالصمد نے ساتویں وکٹ کے لیے 49 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت داری قائم کر کے پاکستان کو یادگار فتح دلوا دی۔ شاداب خان 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور یوں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
