محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان، باجوڑ، کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور سمیت کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ صوابی، مردان، مالاکنڈ، پاڑہ چنار، کرم اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق بارشوں، درجہ حرارت میں اضافے اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ چترال، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، گلگت، اسکردو، مظفرآباد، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ہنزہ، نگر، دیامیر، استور، غذر، چترال، دیر، سوات اور کوہستان سمیت پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ اسکردو روڈ سمیت اہم شاہراہوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
