ثنا یوسف قتل کیس ! عدالت نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت کا حکم سنادیا پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین جرائم

ثنا یوسف قتل کیس ! عدالت نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت کا حکم سنادیا

ثنا یوسف قتل کیس ! عدالت نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت کا حکم سنادیا

ثنا یوسف قتل کیس ! عدالت نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت کا حکم سنادیا

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو سزائے موت اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا، جبکہ دیگر دفعات کے تحت 10 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی۔

سماعت کے دوران عدالت میں ملزم کی کالز اور چیٹ کے اسکرین شاٹس بھی پیش کیے گئے۔ مدعی کے وکیل سردار قدیر نے عدالت سے ملزم کو دو بار سزائے موت دینے کی استدعا کی۔

دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم عمر حیات نے اسٹیٹ کونسل اور ٹرائل کورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے دو درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ التوا ہیں۔ وکیل نے کہا کہ پہلے سے یہ سوچ لینا کہ ملزم کو سزائے موت دینی ہے، انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہوگا۔

وکیلِ صفائی کا کہنا تھا کہ ملزم کو آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت فیئر ٹرائل کا حق حاصل ہے اور عدالت کو دباؤ یا معاشرتی بحث سے متاثر ہوئے بغیر فیصلہ کرنا چاہیے۔

اس موقع پر جج افضل مجوکہ نے وکیلِ صفائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو گمراہ نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملزم عمر حیات نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا ثنا یوسف سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور اس نے کسی قسم کا اعتراف نہیں کیا۔

یاد رہے کہ ثنا یوسف کو 2 جون 2025 کو اسلام آباد میں ان کے گھر میں قتل کیا گیا تھا، جبکہ ملزم عمر حیات کو 3 جون 2025 کو جڑانوالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Exit mobile version