سی سی پی او لاہور کا اجلاس، مویشی منڈیوں کی سکیورٹی سخت، غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ڈویژنز کی مجموعی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مویشی منڈیوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ قربانی کے جانوروں کی چوری کی روک تھام اور خریداروں کو نوسربازی سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
سی سی پی او لاہور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں سکیورٹی پلان کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سی سی پی او لاہور نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج اور انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ شہریوں کو بروقت اور شفاف پولیس سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
