پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمت میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے کرنسی مارکیٹ میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق ایک کروڑ ایرانی ریال کا بنڈل اوپن مارکیٹ میں اس وقت 8 ہزار سے 10 ہزار روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث ریال کی طلب میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی اصل قدر انتہائی کم ہے، جہاں ایک کروڑ ریال پاکستانی روپے میں تقریباً 2125 روپے کے برابر بنتا ہے۔ اس کے باوجود پاکستان میں اس کی قیمت کئی گنا زیادہ ہونے کی بڑی وجہ مقامی سطح پر قیاس آرائیوں اور مستقبل میں ممکنہ معاشی بہتری کی توقعات بتائی جا رہی ہیں۔
کرنسی ماہرین کے مطابق بعض سرمایہ کاروں کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے بعد ریال کی قدر بڑھنے کی امیدیں لگائی جا رہی ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں غیر معمولی طلب پیدا ہوئی ہے۔
معاشی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی تیزی عموماً قیاس آرائیوں پر مبنی ہوتی ہے، اور عالمی کرنسی اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کاری میں نقصان کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔
