اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور ایبٹ آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
اسلام آباد میں خراب موسم اور شدید بارش کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا اور متعدد پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب لاہور میں آندھی اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع مالاکنڈ، سوات، نوشہرہ اور شمالی وزیرستان میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ صوابی میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی۔
آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم اور مظفرآباد میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات نے آج رات سے 13 مئی تک بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
