محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی غیر معمولی صورتحال کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جس کے باعث درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع دادو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، سبی، تربت اور پنجگور میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب کے شہر ملتان، ڈیرہ غازی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شمالی و وسطی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جہاں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
کراچی میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب پنجاب کے لیے موسمی صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب کے لیے شدید موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 سے 13 مئی کے دوران مختلف اضلاع میں “سپر سیل” بننے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں موسم انتہائی شدید ہو سکتا ہے۔
لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں طوفانی ہوائیں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جبکہ تیز ہوائیں کمزور انفراسٹرکچر کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
