ہنگو کے علاقے دورڑی بانڈہ میں واقع ایک سول مارکیٹ مارٹرگولہ گرنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ دورڑی بانڈہ کی سول مارکیٹ پر یہ مارٹر گولےخوارج کی جانب سے داغے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق زرگیری اور شناوڑی کے مقامات پر بھی دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوںکو نشانہ بنایا جارہاہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو کی جاری کردہ سرکاری رپورٹ کے مطابق دھماکے کے فوری بعد کل 21 متاثرین کو ہسپتال لایا گیا جن میں سے 6 افراد ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6 سالہ حسنین، 10 سالہ امان اللہ، 25 سالہ عمل تاج، 18 سالہ اسحاق، 16 سالہ محمد امیر اور 17 سالہ حضرت علی شامل ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ 15 زخمیوں میں سے 12 کو ابتدائی علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 3 زخمیوں عبدالغفار، 9 سالہ علیشہ بی بی اور عبداللہ کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
