بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ، برطانوی اسکرین رائٹر اور ڈاکیومنٹری پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے معروف ارب پتی فنانسر کیمرون اوریلی سے منگنی کر لی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمائما اور 62 سالہ کیمرون اوریلی کے درمیان گزشتہ ایک سال سے قریبی تعلق قائم تھا جو اب باضابطہ منگنی میں تبدیل ہو گیا ہے۔
کیمرون اوریلی ایک معروف سرمایہ کار ہیں جو متعدد بین الاقوامی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ سابق میڈیا ٹائیکون سر انتھونی اوریلی کے بیٹے بھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں کی ملاقات پیشہ ورانہ مصروفیات کے دوران ہوئی تھی، جو بعد ازاں دوستی اور پھر مضبوط تعلق میں بدل گئی۔ جوڑا زیادہ تر وقت سوئٹزرلینڈ اور لندن میں گزارتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جمائما کے اہلخانہ بھی کیمرون اوریلی سے ملاقات کر چکے ہیں، جس کے بعد دونوں کے تعلق کو باضابطہ شکل مل گئی۔
