پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے فائنل میں آج پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کی ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔
فائنل سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ شام 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ تقریب اور میچ سے بھرپور لطف اٹھا سکیں۔
فائنل میچ سے قبل ٹرافی کی رونمائی بھی کر دی گئی، جس میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ان کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتی رہی ہے اور وہ فائنل میں بھی بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا، جس میں شاندار انتظامات اور شائقین کی سہولت کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
آج کا فائنل نہ صرف کرکٹ کا بڑا معرکہ ہوگا بلکہ شائقین کے لیے ایک یادگار ایونٹ بھی ثابت ہونے کی توقع ہے۔
