اٹلی نے اسٹڈی ویزے کے لئے بینک سٹیٹمنٹ کی حد میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے نئے قواعد جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کی وزارتِ یونیورسٹی اور ریسرچ نے تعلیمی سال 2026-27 اور 2027-28 کے لیے بین الاقوامی طلبہ کے لیے ویزا قواعد کو اپ ڈیٹ کر دیا۔
نئے قوانین کے تحت اسٹڈی ویزا (ٹائپ ڈی) کے حصول کے لیے مالی ثبوت کی حد میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
آفیشل پورٹل ‘یونیورسٹیلی’ پر جاری کردہ تازہ ترین سرکلر کے تحت اب طالب علم کو سالانہ 10,179.85 یورو کے مالی وسائل ظاہر کرنا ہوں گے، موجودہ شرح مبادلہ کے حساب سے یہ رقم تقریباً 32 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ حد تقریباً 6,000 یورو کے لگ بھگ تھی، جس میں اب تقریباً 4,000 یورو کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اطالوی حکام نے فنڈز کے حوالے سے سخت شرائط عائد کرتے ہوئے کہا کہ تمام رقم قانونی اور ٹریس ایبل (جس کا سراغ لگایا جا سکے) ہونی چاہیے۔ سفارت خانہ آمدنی کے ذرائع کی جانچ پڑتال کر سکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ترجیحاً رقم طالب علم کے اپنے اکاؤنٹ میں ہونی چاہیے، تاہم فیملی (چوتھے درجے کے رشتہ داروں تک) بھی اسپانسر کر سکتی ہے جبکہ صرف ویزا کے لیے عارضی طور پر رکھی گئی رقم قبول نہیں کی جائے گی۔ حکام اکاؤنٹ کی موومنٹ اور اسپانسر کی مالی حیثیت کا بغور جائزہ لیں گے۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف اسکالرشپ کے لیے اپلائی کرنا یا اس کا اہل ہونا مالی ثبوت کے طور پر کافی نہیں ہوگا۔ جب تک اسکالرشپ ملنے کی حتمی تصدیق نہ ہو، طالب علم کو مکمل بینک اسٹیٹمنٹ دکھانی ہوگی۔
یونیورسٹی میں داخلہ یا پری انرولمنٹ ملنے کا مطلب ہرگز ویزا کا حصول نہیں ہے، اطالوی سفارت خانہ طالب علم کے معاشی پس منظر، سابقہ تعلیم، اور اٹلی جانے کے مقصد کا جائزہ لینے کے بعد ویزا جاری کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
اٹلی جانے کے خواہشمند طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نئے مالیاتی تقاضوں (10,179.85 یورو) کے مطابق اپنی دستاویزات تیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے فنڈز ان کی خاندانی آمدنی کے مطابق اور دستاویزی طور پر درست ہوں۔

Leave feedback about this